ترقیاتی منصوبوں کی مقررہ مدت میں تکمیل کو ہر صورت یقینی بنایا جائے.. چیف سیکریٹری بلوچستان

Spread the love

چیف سیکرٹری بلوچستان مطہر نیاز رانا کی زیرِ صدارت پی ایس ڈی پی 2021-2022 کے حوالے سے ایک اہم اجلاس یہاں جمعہ کے روزمنعقد ہوا جس میں صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں میں پیش رفت اور منصوبوں کی پی سی ون کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں ایڈیشنل چیف سکریٹری داخلہ ارشد مجید، ایس ایم بی آر محمد اکبر حریفال، سیکرٹری خزانہ عبدالرحمن بزدار سمیت متعلقہ سیکرٹریز نے شرکت کی۔ چیف سیکرٹری نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی مقررہ مدت میں تکمیل کو ہر صورت یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کو ان کا بروقت فائدہ حاصل ہوسکے اور رقم و وقت کا ضیاع نہ ہو۔ انہوں ہدایت کی کہ منصوبوں کے معیار پر خصوصی توجہ دی جائے تاکہ یہ پائیدار ثابت ہو اور عوام ان سے دیر تک استفادہ کرسکے۔ چیف سیکرٹری نے کہاکہ حکومت کا مقصد عوامی فلاح و بہبود کے ان منصوبوں کا فائدہ مقررہ وقت میں عوام کو پہنچانا ہے اور اس مقصد کے حصول کیلئے تمام سرکاری حکام اس سلسلے میں اپنی تمام ذمہ داریاں احسن طریقے سے پوری کریں۔ اس موقع پر تمام سیکرٹریز نے اپنے متعلقہ محکموں کے ترقیاتی منصوبوں سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ چیف سیکرٹری نے تمام محکموں کے پی سی ون اور ڈیپارٹمنٹل اسٹیرنگ کمیٹی میں منظور ہونے والے منصوبوں سے متعلق اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تمام آفیسران دفتروں میں وقت کی پابندی کا خاص خیال رکھتے ہوئے عملے کی حاضری کو بھی یقینی بنائے۔ انہوں نے ڈویژنل دفاتر اور ضلعی دفاتر میں بھی عملے کی حاضری کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے