بارش سے متاثرہ بلوچستان کے دور دراز علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کا آغاز کردیا گیا

Spread the love

مکران ڈویڑن کے مختلف اضلاع کیچ،گوادر اور پنجگور میں حالیہ بارشوں کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال کے پیش نظر پی ڈی ایم اے کے اہلکاروں نے امدادی سرگرمیوں کو تیز کرتے ہوئے ضلع کیچ کے مختلف علاقوں میں ریلیف کے سامانوں کو متاثرہ علاقوں میں پہنچانے کا عمل تیز کردیا گیاہے
اس موقع پر ڈی جی پی ڈی ایم اے کے احکامات کی روشنی میں کمشنر مکران شبیر احمد مینگل کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے ڈی سی کیچ حسین جان بلوچ کی سربراہی میں ڈپٹی ڈائریکٹر پی ڈی ایم اے ریحان دشتی نے ضلع کیچ کے علاقے آبسر کےگائوں شاد آباد اور کولوائی بازار میں بارش سے متاثرہ 30 خاندانوں میں کمبل،بستر، شامیانے،جیری کین ،بالٹی،برتن اور باورچی خانے سے متعلقہ دیگر ضروری سامان فراہم کردیے گیے ہیںجبکہ نائب تحصیلدار دشت کی سربراہی میں لیویز عملے کو دوپہر گئے تک دشت کے سب تحصیل بل نگور روانہ کردیا گیا ہے تاکہ وہاں پر ریلیف کا سامان تقسیم کیا جا سکے اور وہاں پر تعمیر شدہ پروٹیکشن بند کی حفاظت کے لیے بھی اقدامات کیے جائیں۔جبکہ زبیدہ جلال روڈ پر نیہنگ پل کی پشتوں کو بارشوں کے نتیجے میں نقصان پہنچنے والے حصوں کی تعمیر و مرمت کا کام بھی شروع کردیا جائے گا
واضح رہے کہ بلوچستان کے مختلف علاقوں میں حالیہ بارشوں کے نتیجے میں وزیر اعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو کے نوٹس لینے پر ڈی جی پی ڈی ایم اے نے بلوچستان کے متاثرہ علاقوں میں اپنے عملے کو ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مل کر کام کرنے کی ہدایات جاری کردی ہیں جس کے نتیجے میں پی ڈی ایم اے کی جانب سے بارش سے متاثرہ بلوچستان کے دور دراز علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کا آغاز کردیا گیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے