تفتان میں لوگوں کو کاروبار کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے کسٹم ٹرمینل بنا رہے ہیں.مطہر نیاز رانا

Spread the love

تفتان: چیف سیکرٹری بلوچستان مطہر نیاز رانا نے کہا ہےکہ تفتان بارڈر کاروباری اور تجارتی سرگرمیوں کےلحاظ سے بڑی اہمیت رکھتا ہے اور وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی کوششوں سے مقامی لوگوں اور تاجروں کو تمام ضروری تجارتی سہولیات فراہم کی جارہی ہے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے ایک روزہ دورہ تفتان میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ چیف سیکرٹری بلوچستان مطہر نیاز رانا نے پیر کے روز پاک ایران کے سرحدی شہر تفتان کا تفصیلی دورہ کیا، جہاں انہوں نے سرحد پر مختلف مقامات کا معائنہ کیا۔ چیف سیکرٹری نےکہا کہ وزیراعظم پاکستان اور وزیر اعلیٰ بلوچستان کے ویژن کے مطابق پاک ایران کے سرحدی شہر تفتان بارڈرکو مزید ترقی دینے اور تاجروں کو درپیش مسائل اور مشکلات کو دور کرنے کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جارہے ہیں، انہوں نے کہا کہ تفتان دورہ کرنے کا مقصد یہاں کے مقامی لوگوں اور تجارت سے وابستہ مسائل سے آگاہی حاصل کرنا تاکہ ان کو فوری حل کیا جاسکے، انہوں نے کہا کہ تفتان میں لوگوں کو کاروبار کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے کسٹم ٹرمینل بنا رہے ہیں اور ساتھ ہی مقامی آبادیوں کو تجارتی سہولیات دینے کے لیے بازار چاہ کے لیے زمین بھی الاٹ کر دیا گیا ہے اور اس پر کام تیزی سے جاری ہے، انہوں نے کہا کہ پاک ایران امیگریشن گیٹ پر زائرین اور مقامی لوگوں کو مزید سہولیات فراہم کرنے کے لیے رخشان ڈویژن کے کمشنر کو دو دن تک تمام مسائل کو دیکھ کر انھیں حل کرنے کی تاکید کی ہے، چیف سیکرٹری نے کہا کہ حکومت بلوچستان تمام سرحدی علاقوں کے لوگوں کو بہتر روز گار کی فراہمی میں اپنا کردار ادا کر رہا ہے اور ان شاءاللہ سرحد پر رہنے والے لوگ ان تجارتی سرگرمیوں سے مستفید ہونگے، چیف سیکرٹری نے اپنے ایک روزہ دورے میں پاک ایران امیگریشن گیٹ، راہداری گیٹ،بازار چاہ ، این ایل سی اور بازار کا تفصیلی دورہ کیا۔ ان کے ہمراہ چیف کلیکٹر کسٹم بلوچستان محمد صادق، رخشان ڈویژن کے کمشنر سیف اللہ کھیتران، چیف پرمینٹو ڈاکٹر فرید ،ڈپٹی کلیکٹر کسٹم کلیم اللہ ، اسسٹنٹ کمشنر تفتان عصمت اللہ اچکزئی، سپریڈنٹ کسٹم ارشد زبیر و دیگر سرکاری آفیسران تھے

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے