۔ کمشنر مکران شبیر احمد مینگل اور آئی جی ایف سی ساؤتھ میجر جنرل کمال انور چودھری کا میرانی ڈیم کا دورہ

Spread the love

تربت ۔ کمشنر مکران شبیر احمد مینگل اور آئی جی ایف سی ساؤتھ میجر جنرل کمال انور چودھری نے جمعے کے روز میرانی ڈیم کا دورہ کیا ۔

اس موقع پر انکے ہمراہ ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ لوکل گورنمنٹ شے ظہور الحسن ،اسسٹنٹ کمشنر تربت عقیل کریم سمیت دیگر عسکری اور سولین اہلکار موجود تھے ۔

اس دوران وہاں پر کوآرڈینیٹر ایریگیشن ڈیپارٹمنٹ برائے جنوبی بلوچستان سمیع اللہ بلوچ، ایکسیئن ایریگیشن ضلع کیچ گلاب بلوچ، ایکسیئن ایریگیشن میرانی ڈیم رضا بلوچ، ایس ڈی او ایریگیشن میرانی ڈیم شیر جان بلوچ سمیت میرانی ڈیم مینیجمنٹ کے اہلکاروں کی بڑی تعداد موجود تھیں ۔

دریں اثناء وہاں پر محکمہ ایریگیشن اور میرانی ڈیم کی جانب سے ایک بریفننگ کا انعقاد کیا گیا تھا۔ اس موقع پر کوآرڈینیٹر ایریگیشن ڈیپارٹمنٹ برائے جنوبی بلوچستان سمیع اللہ بلوچ نے تقریب میں شامل شرکاء کو محکمہ ایریگیشن کی جانب سے تفصیلی بریفننگ دیتے ہوئے کہا کہ ضلع کیچ میں حالیہ بارشوں کے نتیجے میں میرانی ڈیم میں دو لاکھ کیوسک پانی داخل ہوا تھا جسکے کے بعد 27 ہزار کیوسک پانی کا اخراج اسپل وے کی ذریعے ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ بارشوں سے پہلے میرانی ڈیم میں پانی کے ذخیرے کا لیول 232 فٹ تھا جبکہ بارشوں کے بعد میرانی ڈیم میں پانی کے ذخیرے کا لیول 249 فٹ کو پہنچ گیا تھا جو اب کم ہوکے واپس 247 فٹ تک پہنچ چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ اسپل وے میں دو دن پہلے پانی کا اخراج 5 فٹ تھا مگر اس وقت اسپل وے میں پانی کا اخراج کم ہوکے صرف 3 فٹ تک پہنچا ہے۔انہوں نے کہا کہ میرانی ڈیم میں 264 فٹ لیول پانی کے ذخیرے کو محفوظ سمجھا جاتا ہے۔ اگر زیادہ بارشوں کی صورت میں ذخیرے کا لیول 264 فٹ سے اوپر چلا جائے تو حفاظتی اقدامات اٹھاتے ہوئے ڈیم کے پچھلی جانب کی آبادیوں کو دوسری جگہ شفٹ کرنی کی ضرورت پڑ سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت صورتحال بالکل نارمل ہے اور مزید بارشوں کے حوالے سے محکمہ موسمیات کے پیشنگوئی کو مدنظر رکھ کر ہم امید کرتے ہیں کہ مون سون کے نتیجے میں کیل کور ندی کے ذریعے میرانی ڈیم میں کچھ پانی جمع ہوسکتا ہے مگر ضلع کیچ کے دیگر دو بڑی ندیوں یعنی گیشکور ندی اور نہنگ ندی میں زیادہ پانی آنے کا امکان نہیں ۔انہوں نے کہا کہ ہم نے ڈیم کے پانی کے مزید اخراج کے لیے رائٹ اور لیفٹ چینل کو بھی کھول دیا ہے تاکہ ذخیرے میں مزید کمی لائی جاسکے ۔

قبل ازیں کمشنر مکران اور آئی جی ایف سی ساؤتھ نے میرانی ڈیم کے سائٹ میں اسپل وے کے قریب کے مقام کا دورہ کیا اور وہاں پر پانی کے اخراج کا معائنہ کیا۔

اس دوران کمشنر مکران نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ ایریگیشن اور میرانی ڈیم حکام کی جانب سے احتیاطی تدابیر کو بروئے کار لاتے ہوئے ڈیم کی حفاظت کے لیے سنجیدہ اقدامات کیے جارہے ہیں جبکہ آئی جی ایف سی ساؤتھ نے میرانی ڈیم منصوبے کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ضلع کیچ کا یہ ایک میگا پروجیکٹ ہے جس کے ذریعے ضلع کیچ کے تحصیل دشت میں ہزاروں ایکڑ اراضی کو کاشت کاری کے ذریعے آباد کیا جارہا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے